وفاقی وزرا کو انتخابی خلاف ورزی سے روکا جائے، وزیراعظم کو خط

215

آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزرا کو انتخابی ضابطہ کار کی خلاف ورزی سےروکنے کی درخواست کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر نے لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزرا کو انتخابی ضابطہ کار کی خلاف ورزی سے روکا جائے۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر انتخابات کا منصفانہ انعقاد یقینی بنائے کسی کی حمایت یا مخالفت میں حکومتی وسائل استعمال نہ کیے جائیں۔

خط کے مطابق وفاق، آزاد کشمیر اور صوبائی حکومتیں ضابطہ کار پر عملدرآمد یقینی بنائیں آئندہ ضابطہ کارکی خلاف ورزی پر نااہل قرار دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو شیڈول قانون ساز اسمبلی کےانتخابات کے سلسلے میں وفاقی وزراء سمیت سیاسی جماعتوں کے مرکزی قائدین انتخابی مہم کے لیے آزاد کشمیر میں موجود ہیں اور وہ  سیاسی جوڑ توڑ کے ساتھ ساتھ سیاسی قوت کا بھرپور مظاہرہ کررہے ہیں۔