لاکھوں کی ہیروئین تلاش کرنے پر کتا پولیس افسر بن گیا

271

امریکا میں ایک پالتو کتے کو لاکھوں روپے مالیت کی ہیروئن تلاش کرنے پر اعزازی پولیس افسر بنا دیا گیا۔

کین یون کی عمر 18 ماہ ہے اور اس نے اپنے مالک کے باغ سے بلیک ٹار ہیروئن دریافت کی جس کی قیمت 85 ہزار ڈالر یعنی 85 لاکھ روپے ہے۔ اس دریافت پر اہلِ خانہ پہلے یہ سمجھے کہ یہ ٹائم کیپسول جیسی کوئی شے ہے جسے کسی نے باغ میں دفنایا تھا لیکن اصل میں وہ ہیروئن نکلی جسے کسی نے چھپا رکھا تھا۔

اس اہم دریافت پر مقامی پولیس نے کتے کو اعزازی طور پر کے نائن افسر بنا دیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی پولیس میں کئی کتے اہم ذمے داریاں ادا کر رہے ہیں اور انہیں کے نائن (K 9) افسر کا نام دیا جاتا ہے۔

کین یون کے مالک نے اپنا نام نہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ جب کتے نے عجیب وغریب شے دریافت کی تو اس پر کسی ٹائم کیپسول کا گمان ہوا لیکن جب اسے کھولا گیا تو اندر سے سیاہ رنگت کی ہیروئن دریافت ہوئی جو خام ہیروئن ہوتی ہے۔

پولیس کو اس مشکوک شے کی اطلاع دی گئی تو پولیس افسران نے اسے سیاہ ہیروئن قرار دیا جس کا وزن 15 اونس ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں افیون اور ہیروئن کی زیادتی سے اموات میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس کتے کی مدد سے ہمیں ہیروئن کی بڑی مقدار ختم کرنے میں مدد ملی ہے۔ اس واقعے کے بعد یم ہل کاؤنٹی کے پولیس افسر نے کتے کو کے نائن ربن پہنائی اور اسے اعزازی افسر کا خطاب دیا گیا۔