حافظ نعیم سے گارڈن سٹی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

192
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے گارڈن سٹی ویلفیئر ایسوسی ایشن کا وفد ملاقات کررہا ہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نور حق میں گارڈن سٹی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد نے امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی محمد یوسف کی سربراہی میں ملاقات کی اور اپنی رہائشی اسکیم میں بلڈر کی طرف سے کی جانے والی زیادتیوں ، شکایات اور مسائل سے آگاہ کیا ۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ناصر اقبال، نائب صدر راشد حسن ، انفارمیشن سیکرٹری فراز زبیری،سماجی رہنما عاصم انوار ،ناظم جماعت اسلامی گلشن معمارمحمد ابوالخیر ،فخر
شبیر اور دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں پبلک ایڈکمیٹی کراچی کے سیکرٹری نجیب ایوبی بھی موجود تھے ۔وفد نے گارڈن سٹی کے مسائل تفصیل سے بتاتے ہوئے کہا کہ بلاک اے بی سی سمیت تمام بلاکس میں ڈیولپمنٹ کے مسائل، کے الیکٹرک، سوئی گیس،بائونڈری وال، سڑکوں کی کارپیٹنگ، اسٹریٹ لائٹس اور سیکورٹی سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی کے باعث صورتحال پریشان کن ہے اور میری لینڈ بلڈرمکینوں کے مسائل حل کرنے پر تیار نہیں ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ گارڈن سٹی کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی مکینوں کے ساتھ ہے ۔میری لینڈ بلڈر اپنے پروجیکٹ گارڈن سٹی کے مکینوں کے لیے ڈیولپمنٹ کے کام نہ کرکے مسائل پیدا کر رہا ہے ۔ Kالیکٹرک کی جانب سے این او سی کے نام پر ناجائز پیسے حاصل کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے جو کہ مکینوں کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔ جماعت اسلامی بلڈر کے خلاف مکینوں کی احتجاجی تحریک کی حمایت کرتی ہے ، ان کی جدو جہد میں شامل رہے گی اور مختلف اداروں سے رابطہ کرکے گارڈن سٹی کے مکینوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔