بلاول بلو رانی ہے اس کیخلاف کوئی بات نہیں سن سکتا ،شیخ رشید

229
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد قومی سلامتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد ( آن لائن )وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بلاول دل کا جانی ہے، بلورانی کے خلاف میں کوئی بات نہیں سن سکتا،آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی حکومت بنائے گی ۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزرات داخلہ نے تمام غیرملکیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تحریک لبیک پاکستان کا معاملہ رواں ہفتے کابینہ میں چلا جائے گا، کابینہ نے کالعدم قرار د یا تو تنظیم کالعدم ہوجائے گی ۔شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان سے منشیات نہیں بلکہ باہر سے منشیات ملک میں آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے متعلق فیصلہ واپس نہ لینے تک بھارت کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ علاوہ ازیں انہوں نے 12ویں کور کی سیکورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہپاکستان خطے میں تبدیلیوں اور افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، پاکستان کی پالیسی بہت واضح ہے کہ افغان اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں، ہم کسی صورت افغانستان میں جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے، ہم اپنی سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال کریں گے نہ کرنے دیں گے، پاکستان نے فیٹف کے 27 میں سے 26 نکات پر مکمل عملدرآمد کیا لیکن ہمیں سیاسی طور پر متنازع بنایا جا رہا ہے۔