لاڑکانہ، مسلح افراد کا پولیس اہلکار پر تشدد، سرکاری رائفل چھین لی

372

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ ضلع کی تحصیل رتوڈیرو میں جرائم پیشہ افراد بے لگام، پولیس اہلکاروں کو بھی لوٹ مار کا نشانہ بنانے لگے۔ رتوڈیرو میں مسلح افراد نے پولیس اہلکار کو روک کر تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے موٹر سائیکل اور سرکاری رائفل چھین لی، تشدد کے باعث پولیس اہلکار بے ہوش، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب، واقعہ لاشاری روڈ کوہری نہر کے قریب اس وقت پیش آیا جب رتوڈیرو تھانہ کا پولیس اہلکار زاہد مہیسر ڈیوٹی سے گھر واپس جارہا تھا، زخمی اور بے ہوش پولیس اہلکار زاہد مہیسر کو رتوڈیرو اسپتال لایا گیا، جہاں ٹیسٹ اور ایکسرے سمیت ڈاکٹر کی کوئی سہولت موجود نہ ہونے پر لاڑکانہ ریفر کردیا گیا۔ ایس ایچ او احسان بلیدی کا کہنا ہے کہ واقعہ افسوسناک ہے، پولیس اہلکار پر تشدد کرنے والے ملزمان کا تعاقب جاری ہے۔ دوسری جانب تھانہ لاشاری کی حدود میں رتوڈیرو پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا، جہاں مقابلے میں ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک اور پولیس اہلکار راحب لولائی کو زخمی کردیا، جسے چانڈکا اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی جبکہ اطلاع پر ایس ایس پی عمران قریشی نے اسپتال پہنچ کر زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور ایس ایچ او رتوڈیرو کو ملزمان کی گرفتاری کے متعلق سخت ہدایات جاری کی۔