حیدرآباد، مون سون کی آمد ، ہنگامی مراکز قائم کیے جائیں ، ڈائریکٹر واسا

252

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد میں مون سون آئندہ چند روز میں متوقع، ڈائر یکٹر جنرل غلام محمد قائمخانی نے خصوصی ہدایات جاری کردیں، واسا میں ہنگامی مر اکز قائم کرنے اور پمپنگ مشینری کو ہمہ وقت درست رکھنے کی ہدایت۔ ایچ ڈی اے کے اعلامیے کے مطابق وہ جمعرات کو آئندہ برسات کے لیے واسا کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا زاہد حسین کھیمٹیو اور متعلقہ ایکسیئن بھی موجود تھے۔ انہوں نے حیدرآباد میں آئندہ چند روز میں شروع ہونے والے مون سون کے حوالے سے منیجنگ ڈائریکٹر واسا کو ہدایات جاری کیں کہ واسا کے تمام ڈویژنز میں ہنگامی مراکز قائم کرکے ذمے دار عملے کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے اور 24 گھنٹے کام کرنے والے ان مراکز کے فون نمبرز کی اخبارات اور سوشل میڈیا کے ذریعے مناسب تشہیر کی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں ان سینٹرز سے رابطہ کیا جاسکے۔ ڈائریکٹر جنرل نے اپنی ہدایات میں مزید کہا کہ ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے ناصرف موجودہ پمپنگ مشینری کو فعال رکھا جائے بلکہ متبادل پمپنگ مشینری کوبھی درست حالت میں دستیاب رکھا جائے تاکہ جن علاقوں میں اضافی پمپنگ کی ضرورت ہو وہاں ان کی فوری طور پر تنصیب کی جاسکے۔ ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ ایکسیئن، AENs اور سب انجینئرز اپنے سیل فون ہمہ وقت آن رکھیں اور تمام ایمرجنسی سینٹرز سے رابطے میں رہیں۔ انہوں نے ادارے کے تمام الیکٹریشنز اور ٹیکنیکل اسٹاف کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنی عمومی ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ کسی بھی ایمرجنسی کے لیے خود کو ہمہ وقت تیار رکھیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ تعلقہ سٹی، لطیف آباد اور قاسم آباد کے نشیبی علاقوں سے برساتی پانی کے جلد از جلد انخلاء کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ برسات کے حوالے سے اپنے انتظامات کو جلد از جلد آخری شکل دیں تاکہ دوران برسات اور بعد میں بھی شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔