شکایات کے ازالے کے بجائے وکلاء پر تشدد کیا گیا، تاج کیریو

264

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) گزشتہ روز حیسکو افسران کے سینئر وکیل سلطان شیخ پر مبینہ تشدد اور وکلاء پر مقدمے کے اندراج کیخلاف جمعرات کے روز وکلاء نے سیشن کورٹ حیدرآباد کے احاطے میں حیسکو کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور وکلاء اتحاد زندہ باد اور حیسکو کی خلاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر مظاہرین نے گفتگو کرتے ہوئے سندھ بار کونسل کے ممبر تاج کیریو ایڈووکیٹ، ایاز تنیو ایڈووکیٹ، صدر ڈسٹرکٹ بار حیدرآباد، آصف شیخ ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری عمران برانو ایڈووکیٹ، وکلاء رہنما سلیمان سروری ایڈووکیٹ، ایاز راجپر ایڈووکیٹ نے حیسکو کی جانب سے وکلاء پر تشدد اور ایف آئی آر کے اندراج کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حیسکو نے عوام کے ساتھ اوور بلنگ، ڈیڈیکشن اور ٹرانسفارمرز کی عدم دستیابی جیسے مظالم کا انبار لگایا ہوا ہے۔ اس سلسلے میں شکایات لے کر جب سلطان شیخ ایڈووکیٹ اور وکلاء حیسکو آفس پہنچے تو ان کی شکایات کا ازالہ کرنے کے بجائے ان پر تشدد کیا گیا اور وکلاء پر ہی جھوٹا مقدمہ درج کروایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب حیسکو کی یہ بدمعاشی نہیں چلے گی اور وکلاء حیسکو کے اس عمل کیخلاف ہر حد تک جائیں گے، تمام تر قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے، وکلاء پر تشدد کا مقدمہ درج کروایا جائے گا۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز حیسکو چیف آفس میں وکلاء اور حیسکو افسران میں جھگڑے کے بعد حیسکو انتظامہ کی جانب سے وکلاء کیخلاف حسین آباد تھانے میں درج ایف آئی آر میں عمران قاضی ایڈووکیٹ اور اکرم آرائیں ایڈووکیٹ کی جانب سے سیشن جج حیدرآباد کی عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری دائر کی گئی، جس پر سماعت کے بعد سیشن جج حیدرآباد نے دونوں وکلاء کی 20،20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں پر ضمانت جاری کردی۔