حیدرآباد کو صاف ستھرا شہر دیکھنا چاہتے ہیں، عبدالجبار خان

270

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ حیدرآباد کو صاف ستھرا شہر دیکھنا چاہتے ہیں اس کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں اور وسائل بروئے کار لارہے ہیں، شہر کو صاف ستھرا رکھنا شہریوں کی بھی ذمے داری ہے وہ بھی اپنی ذمے داری احسن طریقے سے انجام دیں تاکہ شہر کو ایک بار پھر ٹھنڈی ہواؤں اور سرمئی شاموں کا شہر بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ صفائی کے دوران لطیف آباد اور شہر کے دیگر حصوں سے سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے تعاون سے جگہ جگہ سے کچرا ہٹایا جارہا ہے جس میں ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں کے افسران و اہلکار سب ہی شامل ہیں۔ اس صفائی مہم کا مقصد نہ صرف شہر کو صاف ستھرا رکھنا بلکہ شہریوں میں شعور بھی بیدار کرنا ہے کہ وہ اپنی ذمے داریوں کا احساس کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت جلد ہی اس شہر کے لیے بڑے پیکیج کا اعلان کرے گی۔ ویسے بھی صوبائی حکومت نے زیر زمین پانی اور سیوریج کی لائنوں کی مرمت کے علاوہ سڑکوں، گلیوں کی تعمیر اور پینے کے پانی کی فراہمی کی اسکیموں پر کام حتمی طور پر کرنا شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں برسر اقتدار رہنے والوں نے شہر کو نظر انداز کیا، جس کی وجہ سے مسائل کا انبار لگ گیا اور اب شہری بے پناہ مسائل کا شکار ہیں لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے اپنا ہرممکن کردار ادا کرے گی۔