بحریہ ٹاؤن انتظامیہ معاہدے پر عملدرآمد فوری یقینی بنائے ،حافظ نعیم

521
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن بحریہ ٹائو ن متاثرین میں تقسیم پے آرڈر کی تقریب سے خطا ب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ تحریری معاہدے پر عملدرآمد کو فوری طور پر یقینی بنائے، A23ولاز کے متاثرین کو فوری طور پر قبضہ دیا جائے اورری فنڈ کی مد میں متاثرین کو پے آرڈر دیے جائیں، معاہدے کی پاسداری نہ کی گئی اور مسائل حل نہ کیے تو متاثرین بحریہ کے ہمراہ بحریہ ٹاؤن میں دھرنا،عدالت تھانہ کچہری سمیت ہر آپشن استعمال کیا جاسکتا
ہے،متاثرین بحریہ خیرات نہیں بلکہ اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی مانگ رہے ہیں جو لوگوں نے بحریہ ٹائون میں لگائی۔بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض نے 6ماہ میں مسائل حل کرنے کا تحریر ی معاہدہ کیا تھا لیکن آج سوا سال گزرنے کے باوجود بہت سے مسائل باقی ہیں،ملک ریاض فوری طور پر متاثرین بحریہ ٹائون کے مسائل حل کریں، جماعت اسلامی کی سیاست ذاتی مفاد یامال جمع کرنے کی سیاست نہیں،ہم سیاست کو عبادت سمجھ کر کرتے ہیں،کراچی کے عوامی مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں۔ا ن خیالات کا اظہا رانہوں نے ادارہ نورحق میں پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کے تحت بحریہ ٹاؤن متاثرین میں تقسیم پے آرڈر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ، سیکرٹری نجیب ایوبی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر نائب امیرکراچی محمد اسحاق خان، ڈپٹی سیکرٹریز کراچی یونس بارائی اورنوید علی بیگ،پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے الیکٹرک کمپلینٹ سیل کے نگران عمران شاہد،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔تقریب میں 30سے زاید افراد میں بحریہ ٹائون کی جانب سے روکے گئے چیک کے پے آرڈر تقسیم کیے گئے۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ متاثرین بحریہ ٹاؤن کو پے آرڈر ملنے پر مبارکباد پیش کرتاہوں اور دعا گو ہوں کہ باقی لوگوں کو بھی ان کی رقوم جلد واپس مل جائے،ملک کا سب سے بڑا المیہ ہے کہ حکومت، ریاست اور عدالتیں اپنا کام نہیں کررہیں جس کی وجہ سے مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے،ہمارا عدالتی نظام بھی انصاف کی فراہمی میں انتہائی تاخیر کرتا ہے،نسلیں مٹ جاتی ہیں لیکن مسائل حل نہیں ہوتے،حکمران طبقہ چاہتا ہے کہ ملک میں عدل و انصاف کا نظام قائم نہ ہوتاکہ یہ لوگ اپنی جائداد بناسکیں،بحیثیت مسلمان ہم سب کی ذمے داری ہے کہ انفرادی اور اجتماعی طور پر اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کے نفاذ کی جدوجہد کریں،جماعت اسلامی کراچی کے بے شمار مسائل پر آواز اٹھاتی ہے اور دین کا تقاضا ہے کہ مظلوم کو اس کا حق دلایا جائے اور اس سے بھی بڑا دین کا تقاضا یہ ہے کہ اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام قائم کیا جائے،بندوں کوبندوں کی غلامی سے نکال کر ایک اللہ کی غلامی میں لایاجائے۔