نوجوان پاکستان کا مستقبل، ہنر سکھانے کی ضرورت ہے، صدر مملکت

194

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں پر منحصر ہے، نوجوان ملکی آبادی کا 68 فیصد سے زیادہ ہیں،
معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کیلیے نوجوانوں کو مقامی اور بین الاقوامی منڈیوں میں افرادی قوت کا حصہ بنانے کیلیے مختلف ہنر سکھانے کی ضرورت ہے، نوجوان معاشرے کے پسماندہ طبقات کی مدد سے پاکستان کو خوشحال ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوسری نیشنل یوتھ کونسل کے ارکان کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، جس نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم کے کامیاب جوان پروگرام کے تحت اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں لیکن خواتین اور خصوصی افراد کیلیے دستیاب قرضے آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے مکمل طور پر بروئے کار نہیں لائے جا رہے ہیں، یوتھ کونسل اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس پروگرام سے استفادہ کر سکیں۔