مظفر وانی کے یوم شہادت پر وادی میں مکمل ہڑتال ،بھارتی فوج کے مظالم ،مزید 5 کشمیری شہید

398
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کے ارکان کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف انڈین ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج کررہے ہیں

سری نگر/مظفر آباد/اسلام آباد (خبر ایجنسیاں ) مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے ہیرو برہان وانی کی شہادت کے موقع بھارتی فورسز نے مزید 5 کشمیری شہید کر دیے، حریت رہنما مشتاق الاسلام کو سری نگر سے گرفتار کر لیا گیاجبکہ شہدا کی برسی پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال رہی ۔تفصیلات کے مطابق کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیر یوں نے گزشتہ روز ممتاز نوجوان حریت پسند برہان مظفر وانی کی پانچویں برسی اس عزم کے اعادے کے ساتھ منا ئی کہ شہدا کا مشن جاری رہے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں اس موقع پر مکمل ہڑتال رہی ۔ تمام کاروباری مراکز دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کا نظام بھی معطل رہا ۔ وادی کے مختلف علاقوں میں برہان مظفر وانی اور دیگر شہدا کے لیے دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا ، یہ دن یوم مزاحمت کے طور پر منایا گیا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں دکانوں کے شٹرز ، دیواروں اور کھمبوں پر پوسٹر اور بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جن میں آزادی اور برہان وانی کے حق میں مختلف تحاریر درج ہیں۔ پوسٹرز میں سید علی گیلانی ، شبیر احمد شاہ ، مسرت عالم بٹ ، آسیہ اندرابی اور متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین کی تصاویر بھی موجود ہیں۔علاوہ ازیں قابض فوج نے برہانی وانی کے یوم شہادت کے موقع پر ضلع کولگام اور ضلع پلوامہ میں 2، 2 اور ضلع کپواڑہ میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔ قابض فوج نے علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر کے گھر گھر تلاشی بھی لی۔ بھارتی فوج نے حریت رہنما مشتاق الاسلام کو سری نگر کے علاقے بٹمالو میں ان کے گھر سے گرفتار کیا، انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔سید علی گیلانی نے حریت کمانڈرشہید برہان وانی کے یوم شہادت پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹرڈائون ہڑتال پر کشمیری عوام کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کا جذبہ قابل تعریف ہے۔ دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی آزادی پسند کمانڈر برہان مظفر وانی کا یوم شہادت یوم مزاحمت کے طور پر منایا گیا۔مظفرآباد میں عظیم الشان مزاحمتی ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، برہان وانی شہید اور آزاد ی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔ ریلی کے شرکا نے برہان وانی شہید کی تصاویر والے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔ریلی سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے حزب المجاہدین کے امیر سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ برہان وانی شہید سمیت دیگر ہزاروں شہدا ہمارے دلوں کی دھڑکن اور ماتھے کا جھومر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہم اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ برہان وانی شہید کے مشن کو ہر صورت میں جاری رکھا جائے گا۔صلاح الدین احمد کا کہنا تھا بیس کیمپ کے ذمے دار کشمیر کے تئیں اپنی ذمے داریوں کو پورا کریں۔ پاکستان نے ممتاز کشمیری نوجوان رہنما برہان مظفر وانی شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ برہان وانی اپنی قربانی کے ذریعے غیرقانونی بھارتی تسلط کیخلاف مقامی کشمیری جدوجہد کی علامت بن کر ابھرے ہیں۔پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازع کشمیر کے حل ہونے تک کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کشمیری عوام کے ہر حق کو پامال کرنے کے باوجود بھارت آج تک کشمیریوں کو محکوم بنانے اور ان کے حوصلے توڑنے میں ناکام رہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم راجا محمد فاروق حیدر خان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ برہان وانی کی شہادت نے تحریک آزادی کو نیا رخ دیا ہے۔ جموں اور لداخ کی کشمیریت کی انفرادیت کو محفوظ رکھنے کی جنگ وادی میں لڑی جا رہی ہے جس کو مٹانے کیلیے بھارت اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہا ہے۔