بھارت : اشیا کی قیمتوں میں اضافے پر شدید احتجاج

120
بھارت: پیٹرول، ڈیزل، گیس اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سلنڈر بردار شہری احتجاجی مظاہرہ کررہے ہیں

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں ایل پی جی، پیٹرول، ڈیزل اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف بھی عوام سڑکوں پر آگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق جمعرات کے روز ریاست پنجاب اور ہریانہ کے مختلف شہروں میں مودی سرکار کی عوام کش پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ ہاتھوں میں گیس کے سلنڈر اٹھائے مردوخواتین نے مودی سرکار کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاج کی کال کسان تحریک نے دی تھی۔ دوسری جانب کانگریس پارٹی نے پیٹرول، ڈیزل اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر زبردستناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں،لہٰذا مودی حکومت کو قیمتوں میں کمی کرنا چاہیے یا کرسی چھوڑ دینی چاہیے۔ کانگریس کے میڈیا کوآرڈی نیٹر رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول، ڈیزل، خوردنی تیل اور کھانا پکانے کی گیس کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ کردیا ہے کہ لوگوں کو اپنا گھر چلانا مشکل ہوگیا ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام لوگوں کے لیے دسترس سے باہر ہوچکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صورتحال کچھ یوں ہے کہ آج ڈیزل 90 روپے، پیٹرول 100روپے ، خوردنی تیل 200 روپے اور ایل پی جی سلنڈر 800 روپے کی قیمتوں کو عبور کرچکا ہے۔ قومی دارالحکومت نئی دہلی سمیت ملک کے 200 کے قریب شہروں میں پیٹرول کی قیمتیں پہلے ہی 100 روپے فی لیٹر کو عبور کر چکی ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ جب سے وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت مرکز میں برسر اقتدار آئی ہے، اس وقت سے وہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے رقم کما رہی ہے۔