“برطانوی حکومت کشمیر اور افغانستان کے مسائل پر کردار ادا کر ے”

379

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہناہے کہ برطانوی حکومت کو کشمیر اور افغانستان کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے، بھارتی حکومت کا کشمیر کی ریاستی حیثیت کا خاتمہ غیر قانونی ہے۔

 پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کی سیاسی قونصلر آیوناتھامس نے منصورہ میں سراج الحق سے ملاقات  کی، اس موقع پر برطانوی ہائی کمیشن کے سیاسی مشیر طلال رضا اور جماعت اسلامی کے شعبہ امور خارجہ کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔

سراج الحق نے کہاکہ مسئلہ افغانستان کا حل افغان عوام کی مرضی اور زمینی حقائق کے مطابق ہوناچاہیے، افغانستان میں امن کا قیام اولین ترجیح ہوناچاہیے اور دیگر ممالک کو قیام امن کے لیے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے،افغانوں کی دو نسلیں اس جنگ کی نذر ہو گئی ہیں، اب وہاں کے بچوں اور بچیوں کو یہ حق ملنا چاہیے۔

 مسئلہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ برطانیہ تاریخی لحاظ سے بھی اس مسئلے سے وابستہ رہاہے ، بھارتی حکومت کی جانب سے اقوام متحد ہ کی قراردادوں کو نظر انداز کر کے جبر کے ذریعے ایک ایسا نظام مسلط کرنا جو کشمیریوں کو قبول نہیں ہے، ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔

آئیونا تھامسن نے کہاکہ برطانوی حکومت کی کوشش ہے کہ افغانستان میں امن قائم اور خانہ جنگی کا تدارک کیا جائے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر حال ہی میں برطانوی حکومت کے منسٹر آف سٹیٹ برائے جنوبی ایشیا طارق احمد نے اپنی تشویش کا اظہار کیاہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے ،تمام ممالک کو مل کر کووڈ 19 وبا کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے۔