ہمارا وزیراعظم ناکام رہا ہے، کشمیری بھائی بہنوں کی امیدیں پوری نہیں کرسکا: بلاول بھٹو

296

مظفر آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب تک جیالےساتھ کھڑے ہیں کوئی پیپلزپارٹی کو ختم نہیں کرسکتا، شہید بھٹو کشمیریوں کیلئے ہر پلیٹ فارم پرآواز اٹھاتا تھا، یہ ناجائز وزیر اعظم ہے، یہ بزدل کشمیر کیلئے بات بھی نہیں کرسکتا۔

تفصیلات کے مطابق حویلی آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پاکستان کا وزیراعظم کٹھ پتلی، سلیکٹڈ، نالائق، نااہل ہے، کشمیر پر تاریخی حملہ ہوتا ہے تو اس کا جواب ہوتا ہے میں کیا کروں۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ ہمارا وزیراعظم ناکام رہا ہے، کشمیری بھائی بہنوں کی امیدیں پوری نہیں کرسکا،اسے اندازہ ہی نہیں ہےکہ سب کا نعرہ ہے کشمیر کا سودا نامنظور۔

پی پی چیئرمین کا جلسے میں آزاد کشمیر کے عوام سے کہنا تھاکہ ہم آپ کے حکم پر چلیں گے، آپ حکم کریں جنگ کرو تو ہم جنگ کیلئے تیار ہیں،کشمیری عوام کی ڈکٹیشن کو مانیں گے، کسی اور کی ڈکٹیشن نہیں مانیں گے۔

بلاول نے کہاکہ ہم وہ وزیراعظم نہیں چاہتے جو اسلام آباد میں بیٹھ کر مودی کی جیت کی دعا مانگے،ہم وہ وزیر اعظم نہیں چاہتے جو مودی کو دعوت دے، بلکہ اگر کوئی آپ کا دشمن ہے تو وہ میرا بھی دشمن ہے۔

انہوں نے کہاکہ نون لیگ، پی ٹی آئی مودی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جواب نہیں دے سکتی،پیپلزپارٹی صرف مودی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جواب دے سکتی ہے، پیپلزپارٹی ہی غریب اورمظلوم عوام کی آوازبن سکتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہاں کے لوگوں نے ن لیگ کا دور اور عمران خان کی تبدیلی دیکھی ہے،پیپلزپارٹی کےعلاوہ کوئی جماعت عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتی،اقتدار میں آ کر سب سے پہلے آپ کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کرینگے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ جو آج کل احساس کہتے ہیں ان کو کوئی احساس نہیں ہے،بجٹ بک میں کہیں بھی احساس کاذکر نہیں، یہ وزیر اعظم ہمارے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگاتا ہے،یہ پہلا وزیر اعظم ہے جو ہمارے دورکی کامیاب خارجہ پالیساں بھی چوری کرتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ یہ کہتے ہیں امریکا کوبیس نہیں دیں گے، ان سے تو کسی نے پوچھا بھی نہیں ہے،جبکہ پیپلزپارٹی کے دور میں ہم نے امریکا سے معافی منگوائی اور عمران خان آج اس کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

پی پی چیئرمین نے کہاکہ آپ کو ایک بار پھر پاکستان پیپلزپارٹی کا ساتھ دینا پڑے گا،آج ہمارا وزیراعظم روٹی کپڑا اور مکان چھین رہا ہے،آزاد کشمیر کی حد تک ہم ساری جماعتوں کا مقابلہ کریں گے،آج حویلی والوں نے الیکشن سے پہلے ہی فیصلہ سنا دیا ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ جو فاصلہ ہمارے درمیان ہے وہ فاصلہ آپ نے کم کرنا ہے، ہمارا سیاسی نہیں تین نسلوں کا رشتہ ہے،آپ نے بلے کو بھی بھگانا ہے اور دوسروں کو بھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم آپ کی خوشی اوردکھ میں آپ کےساتھ ہیں،آپ ہمارے ساتھ ہیں، شہید بھٹو کشمیریوں کیلئےہرپلیٹ فارم پرآواز اٹھاتا تھا، شہید بھٹو نے کہا تھا کہ کشمیر کیلئے ہزارسال جنگ لڑنا پڑی تو لڑیں گے۔

بلاول نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے خاتمے کی بات کرنے والے یہاں کے عوام کو دیکھیں، شہید بی بی کہتی تھیں جہاں کشمیریوں کاپسینہ گرےگا وہاں جیالے کا خون گرے گا۔