امریکا کے جانے سے افغانستان میں خطرات بڑھ گئے ہیں، ایرانی سفیر

373

اسلام آباد: پاکستان میں ایران کے سفیر محمد علی حسینی کا کہنا ہے کہ امریکا جس طرح افغانستان سے جارہاہے، اس سے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ امریکا نے پہلے داعش کو شام  اور عراق میں پالا اور اب افغانستان میں داعش کو مضبوط کررہاہے،امریکا نے جتنا پیسا جنگ پر خرچ کیا اتنا امن سفارتکاری پر لگتا تو آج افغانستان میں امن ہوتا۔

محمد علی حسینی کا کہنا تھا کہ ایران مزید افغان مہاجرین نہیں لے سکتا اور نہ اور لے گا،ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے طالبان اور افغان حکومتی وفد کی ملاقات مثبت ماحول میں ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنگ افغان مسئلے کا حل نہیں تمام کوششیں سیاسی حل کےلیے ہونی چاہیے،افغانستان میں خانہ جنگی عوام اور امن کیلیے اچھی نہیں،خانہ جنگی کا خطرہ منڈلارہاہے، جس سے خطرناک صورتحال پیدا ہوجائے گی۔

ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ طالبان افغانستان میں ایک فریق ہیں جو امن کے لیے کردار اداکرسکتے ہیں،افغان مسئلے کا حل افغانوں نے مل بیٹھ کر نکالنا ہے اور کوئی دوسرا فریق نہ ہو۔