چین میں پتھریلے انڈے دینے والا حیرت انگیز پہاڑ

311
^

یہ دنیا عجائبات سے بھری ہوئی ہے اور اب تازہ خبر یہ ہے کہ چین میں واقع ایک چٹان ہر 30 برس بعد گول اور بیضوی پتھریلے انڈے نما پتھر خارج کرتی ہیں اور ماہرین اس کی وجہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔

چین کے صوبہ گیاژاؤ کے علاقے قیانان بوئی میں ایک پہاڑ موجود ہے جس کا نام چین دا یا منڈارن ہے جس نے عشروں سے ماہرینِ ارضیات کو حیرت ذدہ کررکھا ہے۔ اس پہاڑی کی اونچائی 9 فٹ اور لمبائی 65 فٹ ہے اور پہاڑی کی سطح پر درجنوں پتھر گول انڈوں کی شکل میں موجود ہیں۔

دھیرے دھیرے یہ انڈے مزید ظاہر ہوتے ہیں یہاں تک کہ پہاڑ سے الگ ہوکر نیچے گرجاتے ہیں۔ یہاں سے قریبی دیہات کے لوگ کہتے ہیں کہ ہر 30 سال بعد یہاں مزید انڈے بنتے ہیں۔

ابتدائی اندازہ ہے کہ پوری پہاڑی سخت پتھروں پر مشتمل ہے لیکن اس کا ایک حصہ کیلشیئم کاربونیٹ کے پتھروں پر بھی مشتمل ہے جو موسمی اثرات سے گھلتے رہتے ہیں۔ پہاڑ کا یہ حصہ کیمبرین عہد سے تعلق رکھتا ہے جو 50 کروڑ سال قدیم ہے۔ تاہم ماہرین اب بھی گول پتھروں کا معمہ حل نہیں کرسکے ہیں۔

ان پتھروں کو خوش بختی اور تقدس کا درجہ حاصل ہوگیا ہے اور لوگ بڑی تعداد میں یہ پتھر لے جاکر اپنے گھروں میں رکھتے ہیں۔ اب یہ مقام سیاحتی علاقہ بن چکا ہے جہاں لوگ دوردرازعلاقوں سے آتے ہیں اور باقاعدہ ان پتھروں کو خریدتے ہیں۔