لوگوں کے ٹیکس نہ دینے کی وجہ اعتماد کی کمی ہے، وزیراعظم

190

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لوگوں کے ٹیکس نہ دینے کی وجہ اعتماد کی کمی ہے۔

پاکستان کی پہلی ماحول دوست الیکٹرک بائیک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ الیکٹرک وہیکل کی حوصلہ افزائی کلین اینڈ گرین مہم کا حصہ ہے، الیکٹرک وہیکل پالیسی کے تحت روزگار فراہم ہوگا، ماحولیات میں بہتری کے لیے الیکٹرک گاڑیاں لانا ہوں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں جنگلات کی تعداد سب سے کم ہے، ہم درخت اگا رہے ہیں اور نیشنل پارکس بنا رہے ہیں، ہمیں اپنی سوچ بدلنی ہے اور آئندہ نسلوں کیلئے سوچنا ہے، خوشی ہے ماحولیاتی تبدیلی کے لیے اقدامات کو دنیا تسلیم کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہروں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ماسٹر پلان بنانا ہوگا، لاہور کو باغوں کا شہر کہا جاتا تھا، آج وہاں آلودگی ہے، لاہور میں ماحولیاتی آلودگی انسانی زندگی کیلئے مسئلہ بن چکی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جن ممالک نے ترقی کی انہوں نے ہمیشہ مستقبل کی منصوبہ بندی کی، معاشی ترقی کے لیے طویل مدتی منصوبہ بندی ضروری ہے۔

عمران خان نے کہا کہ رواں سال پاکستان کی برآمدات ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، لوگوں کے ٹیکس نہ دینے کی وجہ اعتماد کا فقدان ہے، لوگوں کو اعتماد نہیں کہ ہمارے ٹیکس کا درست استعمال ہوگا، مفادات کے لیے پالیسیاں بنانے سے ملک کو نقصان ہوتا ہے۔