پہلا ون ڈے: قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ناکام، پوری ٹیم 141 رنز پر پویلین لوٹ گئی

239

کارڈف: پہلے ون ڈے میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ناکام، پوری ٹیم 141 رنز پر ڈھیر ہوگئی، انگلینڈ کو جیت کے لیے 142 رنز کا آسان ہدف دیا ہے۔

انگلینڈ کے شہر کارڈف میں کھیلے جارہے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری قومی ٹیم 36ویں اوور میں 141 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

صوفیا گارڈن میں کھیلے جارہے پہلے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخرزمان نے کیا، قومی ٹیم کی اننگز کا آغاز ہی اچھا نہ رہا، اوپنر امام الحق اور کپتان بابر اعظم پہلے ہی اوور میں بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹ گئے ، کچھ ہی دیر بعد محمد رضوان بھی صرف 13 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔

قومی ٹیم کی یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم 141 رنز پر آؤٹ ہوگئی، اس موقع پر فخر زمان نے مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ بھی 47 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔دیگر بلے بازوں میں شاداب خان 30، محمد رضوان 13، سعود شکیل 5 اور صہیب مقصود 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ  حسن علی 6 ، سعود شکیل اور فہیم اشرف 5،5 رنز بناسکے۔

انگلینڈ کی جانب سے ثاقب محمود نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔