عراق ،عین الاسد ایئربیس پر راکٹ باری،2 امریکی فوجی زخمی

283
عراق: عین الاسد ائربیس کے قریب راکٹ لگنے سے ٹرک میں آگ لگی ہوئی ہے

بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراق کے مغربی صوبہ الانبار میں واقع عین الاسد ائر بیس پر 14 راکٹ داغے گئے ، جس کے نتیجے میں 2امریکی فوجیوں سمیت 3افراد زخمی ہوگئے ۔ عراق کا یہ فوجی اڈا امریکی اور بین الاقوامی افواج کے زیراستعمال ہے۔ عراق میں امریکا کی قیادت میں بین الاقوامی فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل وین ماروٹو نے اپنی ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ دوپہر 12 بج کر 35 منٹ پر عین الاسد ائیربیس پر 14راکٹ گرے ۔ حملے کے وقت حفاظتی دفاعی نظام کو فعال کردیا گیا تھا۔ کارروائی میں 3افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں ،جب کہ حملے سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ کیا جارہا ہے۔انہون نے ایک اور ٹوئٹ میں راکٹ حملے میں 2امریکی فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ واقعے کی مزید تفصیل تحقیقا ت کے بعد جاری کی جائے گی۔ فوری طورپر کسی گروپ نے راکٹ حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔دوسری جانب انبار میں راکٹ باری سے قبل عراق کے شمالی شہر اربیل کے ہوائی اڈے کو بھی بارود سے لدے ایک ڈرون سے نشانہ بنایا گیا ۔ مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ حملے میں ہوائی اڈے پر واقع امریکی بیس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ۔ واضح رہے کہ امریکا ایران کے حمایت یافتہ ملیشیا گروپوں پر اس طرح کے راکٹ اور ڈرون حملوں کے الزامات عائد کرتا رہتا ہے۔ عراق میں ایران کی حامی ملیشیاؤں کے جنگجو آئے دن امریکا کی تنصیبات اور فوجی اڈوں پر راکٹ داغتے رہتے ہیں اورحال ہی میں انہوں نے بارود سے بھرے ڈرون طیاروں سے حملوں کا سلسلہ تیز کردیاہے۔ عراقی مسلح گروہ اس سے قبل کئی بار عین الاسد کے ہوائی اڈے پر حملہ کرچکے ہیں ۔ امریکی حکام ان کارروائیوںکو روکنے کے لیے عراقی حکام پردباؤ ڈالتے رہتے ہیں۔