گاڑیوں پر ایکسائز اور کسٹم ڈیوٹی ختم کردی،خسروبختیار

195

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار نے کہا ہے کہ آٹو انڈسٹری میں 4لاکھ 15ہزار گاڑیاں بنانے کی استعداد ہے، پچھلے سال ایک لاکھ 64ہزار گاڑیاں بنائی گئیں، اگلے سال کم از کم 3 لاکھ گاڑیوں کی پروڈکشن پر پہنچیں گے، چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا ہے جبکہ حکومت نے گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور کسٹم ڈیوٹی ختم کر دی ہے، گاڑیوں کی قیمتیں کم ہوتی ہیں تو ڈیمانڈ بڑھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹو سیکٹر میں 3لاکھ نئی نوکریاں پیدا ہوں گی، اس سال 26لاکھ موٹر سائیکلیں بنیں، اگلے سال 30لاکھ موٹر سائیکلیں بنیں گی، موٹر سائیکلیں بننے سے 75ہزار نوکریاں پیدا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں گاڑیوں کی لیز کا طریقہ کار آسان کریں گے، یہ سیکٹر ساڑھے 3سو ارب روپے ٹیکس دیتا ہے، جو شخص گاڑی خریدنا چاہتا ہے گاڑی اسی کے نام پر رجسٹرڈ ہو گی، مینو فیکچررز گاڑی دینے میں تاخیر کرے گا تو اس پر جرمانہ ہو گا، چھوٹی گاڑی کی قیمت تقریباً1لاکھ 5 ہزار کم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ 24-2023 تک گاڑیوں کا ہدف5لاکھ تک لے جائیں، پہلی بار گاڑی خریدنے والے کو مراعات ملیں گی، آنے والے وقت میں ماہانہ لیز کا طریقہ کار وضع کیا جائے گا، آٹو سیکٹر پر لازمی کیا جائے گا کہ درآمد کا کچھ حصہ برآمد کریں۔