حافظ نعیم الرحمن سے پاکستان اسٹیل پاسلوکے وفد کی ملاقات

107
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے گارڈن سٹی ویلفیئر ایسوسی ایشن کا وفد ملاقات کررہا ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کا پاکستان اسٹیل مل کی بحالی کے حوالے سے عدالت عظمیٰ میں کوئی منصوبہ پیش نہ کرنا نااہلی اور غیر سنجیدگی کا مظہر ہے، سرکاری سرپرستی میں پاکستان اسٹیل میں موجود کروڑوں روپے کے سامان کی چوری اورفروخت انتہائی تشویشناک ہے، اس کا نوٹس لیا جائے، غریب مزدوروں کو نکال کر لاکھوں روپے خرچ کرکے بڑی بڑی تنخواہوںپر آفیسرز کا تقررکیا جا رہا ہے جو اسٹیل مل کے لیے کوئی کام نہیں کر رہے صرف ماہانہ تنخواہیں وصول کر رہے ہیں، جماعت اسلامی ہمیشہ پاکستان اسٹیل کے مزدوروں کے ساتھ رہی ہے اور آج بھی کسی صورت میں بھی ملازمین کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں پاکستان اسٹیل پاسلوکے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وفد میں پاکستان اسٹیل پاسلوکے صدر عاصم بھٹی، جنرل سیکرٹری علی حیدر گبول، انفارمشین سیکرٹری عمیر احمد صدیقی، عاکف احمد، مبشر ودیگر بھی شامل تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں این ایل ایف پاکستان کے نائب صدر وپاسلو کے سابق جنرل سیکرٹری ظفر خان سمیت دیگر ملازمین کی جبری برطرفی کی شدید مذمت اور پاکستان اسٹیل مل کی بحالی، اور کرپٹ مافیاز کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے سمیت مزدوروں کے مسائل اور مشکلات کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ پاکستان اسٹیل مل کے مزدوروں کے ساتھ رہی ہے اور آئندہ بھی ہر قسم کی آئینی، قانونی اور جمہوری جد وجہد میں ساتھ ہوگی۔ اسٹیل مل انتہائی حساس نوعیت کا قومی ادارہ ہے جسے موجودہ اور سابق حکمرانوں پیپلزپارٹی، ن لیگ، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم اور انتظامیہ کی نااہلی اور کرپشن نے تباہ کر دیا۔عاصم بھٹی نے بتایا کہ عدالت عظمیٰ میں کرپشن اور لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی، پاکستان اسٹیل کی تباہی کی تمام تر ذمے داری ملازمین پر ڈال کر کرپشن اور لوٹ مار کرنے والوں کو فرار کرنے کے لیے راہ ہموار کی جارہی ہے۔