مقرردہ وقت سے چند سیکنڈ پہلے ٹرین روانہ، جاپانی ریلوے کی عوام سے معذرت

280

جاپان میں ریل کمپنی کو ٹرین کے مقررہ وقت سے 20 سیکنڈ پہلے روانہ کرنے پر عوام سے معافی مانگنی پڑگئی۔

پاکستان میں ٹرین کی آمدورفت میں تاخیر معمول کی بات سمجھی جاتی ہے، لوگ اس تاخیر کے اتنے زیادہ عادی ہوگئے ہیں کہ کبھی غلطی سے ٹرین اپنے مقررہ وقت پر اسٹیشن پر آجائے یا اسٹیشن سے روانہ ہوجائے تو حیرت ہونے لگتی ہے تاہم دنیا میں ایسے ممالک بھی موجود ہیں جہاں ٹرین کی مقررہ وقت پر روانگی کو یقینی بنایا جاتا ہے اور مقررہ وقت سے تاخیر یا جلدی روانگی پر انتظامیہ اسے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے عوام سے معافی مانگتی ہے۔

ایسا ہی کچھ جاپان میں ہوا ہے جہاں ایک ریل کمپنی نے ٹرین کی جلد روانگی پر عوام سے معافی مانگی ہے۔

جاپان کے شہر ٹوکیو اور سکوبہ شہر کے درمیان چلنے والی سکوبہ ایکسپریس لائن کو 9 بج کر 44 منٹ اور 40 سکینڈ پر روانہ ہونا تھا مگر ٹرین اپنے مقررہ وقت سے 20 سیکنڈ پہلے یعنی 9 بج کر 44 منٹ اور 20 سیکنڈ پر روانہ ہوئی۔جس پرریل انتظامیہ نے اس واقعے کے حوالے سے شہریوں کو پیش آنے والی مشکل پر معافی مانگی ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ غلطی اس لیے ہوئی کیونکہ کمپنی کے عملے نے ٹرین کی روانگی کے ٹائم ٹیبل کو صحیح طرح چیک نہیں کیا تھا۔ بیان میں انتظامیہ کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ کسی بھی صارف نے جلدی روانگی پر کوئی شکایت نہیں کی لیکن ہم پھر بھی معافی کے طلبگار ہیں۔