نیشنل ایوی ایشن پالیسی با آسانی کاروبار کرنے کو یقینی بناتی ہے ، ڈی جی سی اے اے

218
ڈی جی سی اے اے، خاقان مرتضیٰ کو صدر کے سی سی آئی، شارق وہرہ شیلڈ پیش کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ڈائریکٹر جنرل خاقان مرتضیٰ نے کہا ہے کہ نیشنل ایوی ایشن پالیسی میں کاروبار کرنے کو آسان بنانے اور کاروباری لاگت کم کرنے کو یقینی بنایا گیا ہے جس کی بدولت کاروبار کی بے شمار راہیں کھلیں گی اور بہتر علاقائی رابطوں کے ذریعے سیاحت کو فروغ ملے گا جو معیشت کے لیے سازگار ثابت ہوگا۔ہم ہر طرح کی تجاویز اور تنقید کے لیے ہر وقت دستیاب ہیں تاکہ ہم سول ایوی ایشن اتھارٹی کی پیش کردہ خدمات کو مزید بہتر بناسکیں۔ سی اے اے ائرپورٹس کے انفرااسٹرکچر کی بہتری اور مزید ترقی کے لیے سخت کوششیں کر رہی ہے جس میں نئے ہیلی پیڈز، ائرپورٹ پر مسافر خانے کی اپ گریڈیشن، کچن اور کولڈ اسٹوریج کی توسیع وغیرہ شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سی اے اے نادر شفیع ڈار، ڈائریکٹر ائر ٹرانسپورٹ اینڈ اکنامک ریگولیشن سی اے اے کموڈور عرفان صابر، صدر کے سی سی آئی ایم شارق وہرہ، نائب صدر ایم ثاقب گڈلک، نائب صدر شمس الاسلام خان اور کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ڈائریکٹر ائر ٹرانسپورٹ اینڈ اکنامک ریگولیشن سی اے اے کموڈور عرفان صابر نے عالمی علاقائی اور ملکی سیاحت کو فروغ دینے میں ایوی ایشن میں شراکت داری پر پریزنٹیشن دیتے ہوئے بتایا کہ مجموعی طور پر پورے ملک میں44 ائرپورٹس ہیں جن میں سے 27فعال ہیں جبکہ 6 ائرپورٹس کومحدود کردیا گیا ہے اور باقی 11 ائرپورٹس سرگرمیاں نہ ہونے کی وجہ سے بند کردیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوری 2019 میں وزیر اعظم نے ایوی ایشن ڈویژن سی اے اے کو ہدایت کی تھی کہ وہ پاکستان میں ایوی ایشن اور ائر لائن انڈسٹری کی مدد کے لیے نیشنل ایوی ایشن پالیسی( این اے پی) کا جامع طور پر جائزہ لیں۔