چین ، جرمنی اور فرانس کی سربراہ ملاقات ، تعلقات میں بہتری پر زور

201
بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں کے ساتھ وڈیو کانفرنس کررہے ہیں

بیجنگ/ برلن/ پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) چین ، جرمنی اور فرانس کے سربراہوں نے ایک آن لائن اجلاس میں بیجنگ اور یورپ کے درمیان تعلقات کی بہتری پر زور دیا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق پیر کے روز جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ آن لائن بات چیت میں انسانی حقوق اور ماحولیات جیسے اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ چین اور ان ممالک کے درمیان فضائی سفر جلد ہی بحال ہونے کی توقع ہے۔ اس اجلاس کے دوران جرمن چانسلر اور فرانسیسی صدر نے چین میں انسانی حقوق اور ماحولیات سے متعلق مسائل کو اٹھایا۔ ان رہنماؤں کے درمیان یہ گفتگو ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب ہانگ کانگ اور ایغور مسلمان اقلیت کے تعلق سے چین کے بڑھتے ہوئے آمرانہ رویے سے یورپ اور چین کے درمیان تعلقات قدر ے کشیدہ ہیں۔فرانسیسی ایوان صدر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ گلاسگو میں ماحولیات سے متعلق اقوام متحدہ کے سربراہ اجلاس اور رواں برس کے اواخر میں روم میں ہونے والی جی 20 سربراہ کانفرنس سے قبل اس سے متعلق امور پر مختلف موقف کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ بیان کے مطابق اس بات چیت کا مقصد ان کانفرنسوں کے حوالے سے کئی امور پر پائے جانے والے اختلافات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ چینی صدر کا کہنا تھا کہ وہ یورپ اور چین کے درمیان بہتر تعاون چاہتے ہیں۔ بات چیت کے دوران ایران جوہری معاہدے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔اس حوالے سے فرانس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ جتنی جلدی ممکن ہو اتنی جلدی کیا جا نا چاہیے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ فضائی راستوں کو بھی جتنی جلدی ممکن ہو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔