حیدرآباد :بجلی بندش کیخلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے

400
حیدرآباد:ٹرانسفامر خرابی کے باعث 26روز سے بجلی نہ ہونے کیخلاف پکا قلعہ کے مکین احتجاج کررہے ہیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد میں شدید گرمی حبس اور بجلی کا بحران ‘ شہری سڑکوں پر نکل آئے پکا قلعہ 26 دن سے بجلی کے تعطل کے علاقہ مکین جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے پکا قلعہ چوک پر احتجاج کیا اورچوک ٹریفک کے لئے بند کردیا ان کا کہنا تھا کہ 26دن سے ٹرانسفارمر خراب ہے بچے گرمی سے بلبل رہے ہیں ایک مرتبہ ٹرانسفارمر لگا بھی تو ایک ہی دن میں دوبارہ خراب ہوگیا بجلی نہ ہونے کے باعث پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں کوئی پرسان حال نہیں ہے انہوںنے حیسکو اورعلاقے کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے خلاف نعرے بازی کی، جبکہ چشتیاں مسجد الیاس آباد میں ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث علاقہ مکین منگل کی صبح سے سخت گرمی میں پریشان ہیں، انہوںنے فوری ٹرانسفارمر لگانے کا مطالبہ کیا۔ لطیف آباد نمبر7میں روزانہ کی بنیاد پر رات بھر بجلی بندکرنے کے خلاف علاقہ مکینوں نے ناراضی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ حیسکو حکام فوری طور پر اپنا قبلہ درست کرلے،لطیف آباد کے دیگر علاقوں میں بجلی کا تعطل برقرار ہےجبکہ لطیف آباد یونٹ نمبر12اکبری مسجد روڈ پر 2ٹرانسفارمرز گر گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، علاقہ مکینوں نے واقعے پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ حیسکو نے اسلام آباد چوک سانحہ کے بعد بھی ہوش کے ناخن نہیں لیے ٹرانسفارمرز پھٹنا‘ گرنا اور تار گرنے کے واقعات معمول بنتے جارہے ہیں برسات سے قبل حیسکو تنصیبات کی حالت زار بہتر بنائی جائے ۔