جبر و تسلط پر مبنی عالمی نظام مزید نہیں چل سکتا، سراج الحق

352

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ اس جدید دور میں کوئی ملک اور قوم الگ تھلگ ہو کر نہیں رہ سکتی، خود غرضانہ پالیسیوں ، جبر و تسلط پر مبنی عالمی نظام مزید نہیں چل سکتا۔

کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کی صد سالہ تقریبات کے سلسلہ میں ہونے والی آن لائن کانفرنس  میں دنیا کی سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے  خطاب  کیا، جس میں 160 ممالک کی مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہان شریک تھے۔

سراج الحق نے کہا کہ ہمیں ایک ایسے عالمی نظام کی ضرورت ہے جو باہمی احترام ، تعاون اور پوری انسانیت کی فلاح پر مبنی ہو، انسانیت کی مشترکہ اخلاقی اقدار مختلف تہذبیوں کے درمیان ہم آہنگی کی بنیاد بن سکتی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مادی ترقی اور اخلاقی اصول مل کر ایک ایسی دنیا تشکیل دے سکتے ہیں جس میں ہر انسانی کے لیے خوشی اور خوشحالی کا پیغام ہو، جماعت اسلامی یہ سمجھتی ہے کہ مادی ترقی کے ساتھ ساتھ انسانی زندگی میں اخلاقی اقدار بہت اہمیت کی حامل ہیں۔

انہوں نے مزید  کہاکہ جماعت اسلامی چین کے بیلٹ اور روڈ منصوبے کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے یہ منصوبہ ایشیا اور یورپ کے عوام کی فلاح کے لیے بہترین قدم ہے جس سے دنیا میں معاشی تعاون کے عظیم امکانات پیدا ہوئے ہیں۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ  جماعت اسلامی انسانیت کو اللہ کا کنبہ سمجھتی ہے، عدل و انصاف کے ذریعے ہر انسان کے خوابوں کی تعمیر ہوسکتی ہے ،چین اور پاکستان کی پر خلوص دوستی دنیا کے لیے مثال ہے۔