کلبھوشن کے بعد بھارتی دہشت گردی کا دوسرا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا ہے، فواد چوہدری

382

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جوہر ٹاؤن دھماکہ پاکستان میں بھارت کی دہشت گردی کا کلبھوشن کے بعد دوسرا بڑا ثبوت ہے، ہم نے بلوچستان میں بھی بھارت کے دہشت گرد نیٹ ورک کو بہت کامیابی سے توڑا ہے اور اس میں ملوث عناصر کو پکڑ لیا ہے۔

کابینہ کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب پولیس نے محکمہ انسداد دہشت گردی کے ساتھ مل کر بھارت کے بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا اور اس کی تفصیل اگلے چند ہفتوں میں سامنے لے کر آئیں گے، لوگوں کے نام اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات منظر عام پر لائیں گے جو اس نیٹ ورک کا حصہ ہیں، دہلی میں جن بینکس سے رقم منتقل کی گئی ان کی تمام تر تفصیلات اس میں موجود ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ کلبھوشن کے بعد بھارت کا دہشت گردی کا دوسرا سب سے بڑا نیٹ ورک تھا جو پاکستان میں بے نقاب ہوا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ہم نے بلوچستان میں بھی بھارت کے دہشت گرد نیٹ ورک کو بہت کامیابی سے توڑا ہے اور اس میں ملوث عناصر کو پکڑ لیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم نے کل اعلان کیاہے کہ بلوچستان کے وہ ناراض قوم پرست جن کا بھارت سے تعلق نہیں تھا اور جو سیاسی مسائل کی وجہ سے ناراض تھے ان کے ساتھ مذاکرات کے لیے باضابطہ طور پر کام شروع کردیا گیا ہے البتہ جو ناراض بلوچ بھارت کے ساتھ مل کر دہشت گردی کی کارروائیاں کرتے تھے، ان کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ثمرات کے لیے بلوچستان بہت اہمیت کا حامل ہے اور کل کا وزیراعظم کا دورہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم سی پیک کو کتنی اہمیت دیتے ہیں اور وزیر اعظم عمران خان چین کی کمیونسٹ پارٹی کی 100 سالہ تقریب میں شرکت کر کے ورچوئل خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی ووٹنگ پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق اور بابر اعوان نے بریفنگ دی اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے کے لیے کی جانے والی جامع انتخابی اصلاحات کے حوالے سے تفصیلات فراہم کیں اور ہمیں امید ہے کہ 15 جولائی تک الیکٹرک ووٹنگ کا نظام مکمل تیار کر پائیں گے

۔وزیر اطلاعات کے مطابق اب تک کابینہ کے 141 اجلاس ہوئے ہیں جن میں 3 ہزار 776 فیصلے کیے گئے، ان میں 3 ہزار 444 تقریبا 91 فیصد فیصلوں پر عملدرآمد ہو چکا ہے، 66 پر عمل جاری ہے جبکہ 123 فیصلوں پر عملدرآمد میں تاخیر ہوئی ہے جبکہ 142 فیصلے مفاہمتی یادداشتوں یا معاہدوں سے متعلق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے وزرائے مملکت، وزراء اور دیگر شخصیات کی جانب سے پروٹوکول اور سیکیورٹی کے معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ اس حوالے سے نظام کا ازسرنو جائزہ لیا جائے، وزیر اعظم کو یہ رپورٹ آئی ہے کہ ہماری حکومت کے صوبائی اور وفاقی اکابرین وہ پروٹوکلز زیادہ استعمال کررہے ہیں اور وزیر اعظم نے کہا ہے کہ میں خود رات کو اس لیے شادی اور کھانوں پر نہیں جاتا کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ میرے جانے سے لوگوں کو تکلیف ہوگی اور ایک غیرمعمولی پروٹوکول سے پرہیز کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں افغانستان کا معاملہ حل ہوتا نظر نہیں آرہا لیکن اس کی وجہ سے یہ نہیں ہو سکتا کہ ہم اپنی ایک بڑی آبادی کو طویل عرصے تک اتنی بڑی سہولت سے استفادہ نہ کرنے دیں لہذا وزیراعظم نے اس حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے، اگر کوئی سیکیورٹی کا مسئلہ بنتا ہے تو صورتحال کو وزیر اعظم کے علم میں لا کر عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر مذہبی امور نے یہ تجویز پیش کی ہے کہ خیبر پختونخوا کی طرز پر اسلام آباد کے مدارس اور مساجد کے امام و آئمہ کرام کو ماہانہ مشاہرہ دیا جائے اور وزیر اعظم نے اس تجویز پر غور کرنے کی ہدایت کی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی آرڈیننس 2021 اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی 2021 کی منظوری دی ہے، جس کے بعد اب سول ایوی ایشن کو ریگولری باڈی بنا دیا گیا ہے اور ایئرپورٹس میں سروسز کیلئے علیحدہ سے باڈی ہو گی اور ایئرپورٹس پر خدمات کی فراہمی کا معاملہ سول ایوی ایشن سے الگ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلد پاکستانی عوام کو چھوٹی گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی خوشخبری دیں گے،دس سال میں پہلی بار کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی بجائے سرپلس میں ہے،ٹیکسٹائل سیکٹر اپنی مکمل استعداد کے مطابق کام کررہا ہے، غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائرمستحکم ہو چکے ہیں، بینک نجی شعبے کو ریکارڈ قرض فراہم کررہے ہیں جس سے نئی صنعتیں قائم ہونگی،ٹیکس محصولات 4.7کھرب روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں،انتخابات میں شفافیت کیلئے اپوزیشن کو اصلاحاتی ایجنڈے پرکئی بار مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں۔