طالبان کا افغانستان کے مزید 13 اضلاع پر قبضہ

569

کابل: طالبان نے 24 گھنٹے کے دوران افغانستان کے مزید 13 اضلاع پر قبضہ کر لیا ہے جبکہ افغانستان میں طالبان اور  افغان فورسز کے درمیان لڑائی شدت اختیار کر گئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق طالبان نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران افغانستان کے مزید 13 اضلاع پر قبضہ کر لیا ہے  اور اب تک افغان دارالحکومت کابل اور 34 صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ کل 372 اضلاع میں سے 110 پر طالبان نے قبضہ کرلیا ہے۔

افغان وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے 24 گھنٹے میں سکیورٹی فورسز سے جھڑپوں کے دوران 224 طالبان مارے گئے ہیں۔

امریکی فوج کے انخلا کے بعد افغان شہریوں کو مایوسی کا سامنا ہے جبکہ افغان فوج طالبان کی کارروائیوں کا مقابلہ تو کر رہی ہے مگر کابل میں عام آدمی خوف کا شکار ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ طالبان کابل سے 4 گھنٹے کے فاصلے پر لغمان کے علاقے میں موجود ہیں جبکہ افغان طالبان نے اتحادی افواج کی 700 سے زائد گاڑیوں اور گولا بارود پر قبضہ کرلیا ہے ۔

دوسری جانب امریکی افواج کا انخلا تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور عالمی برادری کی طرف سے طالبان کی افغانستان میں کارروائیوں پر کوئی موثر ردعمل بھی سامنے نہیں آیاہے۔

خیال رہے کہ افغانستان کے لوگ امن اور خوشحالی کے خواہشمند ہیں یہاں کے عوام پاکستان کے عوام سے محبت کرتے ہیں لیکن حکومت پاکستان کی بعض پالیسیوں کے ناقد بھی ہیں۔

سابق برطانوی آرمی چیف نے افغان طالبان کو افغان جنگ کا فاتح قرار دیتے ہوئے افغانستان میں بین الاقوامی فوجی آپریشن کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ،  انہوں نے کہا کہ افغان عوام کو امن اور بہتر زندگی دینے گئے تھے ، وہاں اب مسلح طالبان غالب ہیں۔