قونصل جنرل پاکستان خالد مجید کا دورہ ٔطائف سٹی

201

پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے گزشتہ جمعرات کو طائف سٹی کا ایک روزہ مصروف دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ قونصل محمد حسن اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ماجد حسین میمن بھی تھے۔ قونصل جنرل نے دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل لیبر آفس، ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اور امیگریشن، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈیپورٹیشن، وافدین شعبہ، ڈائریکٹر کنگ عبدالعزیز اسپتال اور ڈپٹی ڈائریکٹر کنگ فیصل اسپتال طائف سے ملاقاتیں کیں۔
پاکستانی قونصل جنرل نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اورخروج نہائی سمیت دیگر مسائل کے بروقت حل میں پاکستانی کارکنوں کو ان کی مدد اور سہولت دینے پر متعلقہ محکموں کے سربراہان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کنگ عبد العزیز اسپتال کے سربراہ سے بھی ملاقات کی، جس کے بعد پاکستانی ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے ساتھ بات چیت کے علاوہ اس کی مختلف سہولیات کا دورہ اور اسپتال میں داخل پاکستانی مریضوں سے ملاقات کی۔ علاوہ ازیں انہوں نے کنگ فیصل میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا اور ان کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کی تعریف کی۔ قونصل جنرل نے دونوں اسپتالوں کے سربراہوں سے اپنی ٹیموں میں پاکستانی ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی تعداد بڑھانے کی درخواست کی اور قونصل خانہ کی جانب سے انہیں اس سلسلے میں ہر ممکن سہولت کی پیش کش کی۔ سربراہان نے اس پیش کش کو سراہا اور مثبت غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اس دورے کے موقع پر قونصل جنرل نے پاکستان انٹرنیشنل اسکول طائف کا بھی دورہ کیا، جس میں طلبہ کے والدین اور طائف سٹی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے دیگر ارکان سے ملاقات کی گئی۔ والدین اور دیگر معاشرے کے ارکان نے اسکول کے ذریعے فراہم کی جانے والی تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ قونصل جنرل نے برادری کے ارکان کو ان کی تجاویز پر غور کرنے اور درپیش مسائل کے حل میں زیادہ سے زیادہ سہولت دینے کی یقین دہانی کرائی۔