پریس اتاشی پاکستان سید حمزہ گیلانی کے اعزاز میں تقریب

380

ریاض کی سماجی و سیاسی شخصیت امتیاز احمد کی جانب سے پاکستان قونصلیٹ جدہ میں تعینات پریس اتاشی سید حمزہ گیلانی کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سید حمزہ گیلانی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دوستی شخصیتوں سے مبرّا ہے اور اسکی جڑیں دونوں ممالک کے عوام میں ہیں۔ لوگوں کے درمیان رابطے نے ان تعلقات کو بنیاد فراہم کی ہے اور ہرگزرتے دن کے ساتھ یہ تعلق مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جا رہا ہے۔ اسی چیز کو آگے لے کر چلتے ہوئے جدہ قونصلیٹ کی بھرپور کوشش ہو گی کہ ان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب سے پہلے ہم پاکستانی ہیں اور اپنے وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کوشش کرنا ہو گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے جو کثیر الجہتی حمایت جاری رکھنے اور باہمی مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا، وہ نہایت ہی قابل ستائش اور وقت کی اہم ضرورت بھی ہے۔ کمیونٹی رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب میں نئے سفیر پاکستان کی تعیناتی سے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے ساتھ دفاعی اور تجارتی تعلقات میں مزید بہتری آرہی ہے اور امید ہے کہ مملکت میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
تقریب سے ڈاکٹر ندیم احمد بھٹی، عابد شمعون چاند، ملک ندیم شیر، وسیم خان، ڈاکٹر عمران اور شاہین جاوید نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے میزبان امتیاز احمد نے آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ایک پرتکلف عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔