پاک فوج اور عوام کے ساتھ مل کر ہر مشکل وقت کا مقابلہ کریں گے‘ چودھری طیب

222

پاکستان مسلم لیگ ق (ابھا) خمیس مشیط کے صدر چودھری طیب گجر نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ق لیگ پاکستان کے عسکری و سول اداروں کی امین جماعت ہے۔ پارٹی قائدین نے اداروں کے ساتھ ہم آہنگی اور ان کی مضبوطی کے لیے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل چند سیاسی شعبدہ باز پاکستان میں بہتانوں کی یلغار کیے ہوئے ہیں، میں پاکستان مسلم لیگ ق (سعودی عرب) کی جانب سے اس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں اور اعادہ کرتا ہوں کہ مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کی غیور عوام افواج پاکستان اور پاکستان کی سالمیت کے ساتھ دو جسم ایک جاں ہو کر مقابلہ کریں گے۔
چیئرمین پاکستان مسلم لیگ ق (سعودی عرب) چودھری اظہر وڑائچ اور صدر پی ایم ایل ق جدہ رانا عبدالشکور کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم اس جماعت کی نمائندگی کرتے ہیں جس کے دور حکومت میں جو ترقی کی راہیں ملک خداداد میں رواں ہوئیں اس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ یہ وہ ترقی تھی جو گراؤنڈ لیول سے ہوتی ہوئی جنوب سے شمال اور مشرق سے مغرب، ہر جگہ اپنے نقوش چھوڑتی گئی۔ پی ایم ایل ق کے پلیٹ فارم سے اوورسیز کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رہیں گی۔ تقریب میں چودھری زاید بن سرور گجر اور چودھری وڑائچ بھی شریک تھے۔