نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن میں ججوں کا تقرر کیا جائے ، شمس سواتی

166

نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کمیشن (این آئی آر سی) میں ممبرز کی فوری تقرری کی جائے اس سے متعلق سمری چھ ماہ سے زیر التواء ہے کمیشن کے نا مکمل رہنے سے ملک کے مزدروں کے مقدمات کی سماعت نہیں ہورہی جس کا براہ راست فائدہ سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کو مل رہا ہے اور نقصان صرف مزدور طبقے کا ہو رہا ہے۔ یہ ادارہ صنعتی امن قائم رکھنے کے لیے بنایا گیا تھا جو اب خطرے میں ہے، حکومت نے فوری طور پر ممبرز کی تقرری نہ کی تو ہم ملک بھر کے لاکھوں مزدور کے ہمراہ پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے احتجاج کر یں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے آئیسکو لیبر یونٹی کے صدر عاشق حسین، پی ٹی سی ایل کی سی بی اے کے سمیع اللہ خان، سی ڈی اے یونین کے عزت لالہ خان، نیسلے پاکستان، نیسپاک پاک پاکستان، اسپورٹس کمپلیکس، پرنٹنگ کارپوریشن پاکستان کے رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ مزدور رہنما عاشق حسین خان نے کہا کہ مزدوروں کے مقدمات اور صنعتی تنازعات کے التواء سے مزدوروں کو نقصان ہو رہا ہے۔ سمیع اللہ خان نے کہا کہ اگر این آئی آر سی میں ممبرز کی تقرری میں تاخیر کی گئی تو ہم خیبر پختونخواہ سے پیدل مارچ کریں گے۔ سی ڈی اے یونین کے رہنماء عزت لالہ خان نے کہا کہ مزدور سخت پریشان ہیں۔ حکومت این آئی آر سی میں ججوں کی تقرری کرے، صوفی الطاف اور دیگر مقررین نے کہا کہ قائدین پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے مظاہرے کی کال دیں۔