کراچی کے آبی منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں، صدر علوی

135
اسلام آباد: صدر مملکت کی زیر صدارت کراچی میں فراہمی آب کے منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس ہورہاہے

اسلام آباد(اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ پانی کی قلت کی وجہ سے کراچی کے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔کراچی کو پانی کی فراہمی کے تمام منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی میں پانی کی صورتحال پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں کراچی میں پانی کی قلت کے حل کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو پانی کے حوالے سے جاری منصوبوں پر ہونے والے پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی وپیٹرولیم حماد اظہر، رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی،سی ای او حبکو، کامران کمال اور دیگراعلیٰ حکام جبکہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور رکن سندھ اسمبلی سمر خان نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ کراچی کو روزانہ 1100 سے 1200ملین گیلن پانی کی ضرورت ہے، انہوں نے کہاکہ کراچی کے لیے پانی کے منصوبے فاسٹ ٹریک بنیادوں پر مکمل کرنے کی ضرورت ہے، کراچی کو پانی کی فراہمی کے تمام منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں، صدر مملکت نے کہاکہ کراچی کے مسائل کا جلد حل اور شہریوں کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے، متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے تعاون اور مربوط کوششوں سے مسائل کا جلد حل ممکن ہے۔علاوہ ازیںصدر مملکت سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔ عارف علوی نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا، دونوں رہنمائوں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے۔ مزید برآںاقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے بھیایوان صدر میں صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی طرف سے ادا کیے گئے کردار کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔