امریکی فورسز نے بگرام ایئربیس خالی کر دیا

358

امریکی فورسز نے افغانستان کے سب سے بڑے فوجی اڈے بگرام ایئربیس کو خالی کر کے کنٹرول افغان فورسز کے حوالے کر دیا۔

افغان وزارت دفاع کے مطابق بگرام ایئربیس کا چارج افغان فورسز کے حوالے کر دیا گیا ہے اور اب اس اڈے کو مکمل طور پر افغان فورسز آپریشنل رکھیں گی۔

طالبان اور اس کے اتحادی القاعدہ کے خلاف امریکی افواج کی کارروائیوں میں بگرام ایئربیس اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔

بگرام ایئر بیس افغانستان کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے۔ اس کی تعمیر 1980کی دہائی میں سابق سوویت یونین نے کی تھی۔ جنگ زدہ ملک میں امریکا کی فوجی کارروائیوں کے دوران امریکی اور نیٹو کے ہزاروں جوان یہاں تعینات تھے۔

بگرام ایئربیس گذشتہ دو دہائیوں سے امریکی فوج کے لیے زمینی اور فضائی کارروائیوں کا سب سے بڑا اور اہم مرکز تھا۔ اس اڈے میں ایک جیل بھی ہے جس میں ہزاروں طالبان اور دیگر قیدی گذشتہ کئی برسوں سے قید ہیں۔

اپریل میں صدر جو بائیڈن نے انخلا کے لیے گیارہ ستمبر کا ہدف مقرر کیا تھا۔ اس دوران افغانستان میں مقیم تمام 2500 امریکی فوجیوں اور 16 ہزار کے قریب سویلین کنٹریکٹرز کو ملک سے باہر نکالنا ہے تاکہ امریکی فوج کو دو دہائیوں پر مشتمل اس جنگ سے نکالا جا سکے۔

چند مہینوں کے دوران بگرام ایئر بیس کے قریب راکٹ حملے بھی ہوئے ہیں جس کی ذمہ داری عالمی دہشت گرد تنظیم ‘داعش’ نے قبول کی تھی۔