سی اے اے کا غیرملکی ایئر لائنز سے فلائٹس منسوخی پر وضاحت طلب

402

کراچی : پاکستان سول ایوایشن اتھارٹی (سی اے اے ) نے پاکستان آنے والی غیر ملکی ایئر لائنز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے فلائٹس منسوخی کانوٹس اور5غیر ملکی ایئر لائنزکوخطوط جاری کیے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ 5غیر ملکی ایئرلائنز میں قطر، ایمریٹس، اتحاد، فلائی دبئی اور ترکش ایئر شامل ہیں ، جن سے سی اے اے کے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ کی جانب سے وضاحت طلب کی ہے۔

سی اے اے  حکام نے غیر ملکی ایئرلائنز کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی ایئرلائنز فلائٹس منسوخی کے باعث شکایات کا ازالہ کریں اور مسافروں کو 8جولائی تک ریلیف فراہم کریں،ریلیف نہ ملنے پر غیر ملکی ایئرلائنز پر جرمانہ اور فلائٹ شیڈول معطل کیا جاسکتاہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ غیر ملکی فلائٹس نے پہلے اووربکنگ کی پھر فلائٹس منسوخ کردیں،غیر ملکی ایئرلائنز کے اس ناروا سلوک کے باعث مسافروں  کومالی نقصان اٹھانا پڑا،اس حوالے سے غیر ملکی ایئرلائنز مسافروں کی واپسی کے فوری اقدامات کرے۔