حکومت پراپرٹی ٹیکس لگا کر عوام سے چھت چھیننا چاہتی ہے‘ جاوید قصوری

169

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پچاس لاکھ گھر دینے کا وعدہ کرنے والوں نے پراپرٹی پر 35فیصد تک ٹیکس لگا کر لوگوں سے چھت چھیننے کا منصوبہ بنالیا ہے۔ ملک میں بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے باعث پہلے ہی غریب عوام کے لیے اپنا گھربنانا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔ اس پر مستزاد حکومتی
اقدامات نے عوام کے لیے پرسکون زندگی کا حصول بھی ناممکن بنادیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات پر امریکی دباﺅ کو مسترد کرنا درست اقدام ہے۔ اب وقت آگیا ہے امریکا کو خطے سے نکالا جائے۔ جتنی تباہی و بربادی امریکا نے کی ہے اتنی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی۔ آزمودہ دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستانیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ایک مخلص دوست ملک ہے اور پاکستانی قوم امریکا کے مقابلے میں چین کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اس لازوال دوستی کژے حوالے سے کوئی یوٹرن نہ اختیار نہ کر لے۔