جیکب آباد، کیمیکل ملے دودھ کی فروخت میں اضافہ

81

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں کیمیکل ملے دودھ کی فروخت کی شکایات میں اضافہ،ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ڈی سی کو کارروائی کے لیے تحریری درخواست، کیمیکل ملے دودھ کے استعمال کی وجہ سے متعدد افراد بیمار، معدے کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، ڈاکٹر عادل۔ جیکب آباد میں کیمیکل ملے دودھ کی فروخت میں اضافہ ہوگیا، جس کی وجہ سے شہری سخت پریشان ہیں، کیمیکل ملے دودھ کے استعما ل کی وجہ سے متعدد افراد معدے کے امراض میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے جیکب آباد کے شہریوں کی صحت ملاوٹ اور غیر معیاری اشیاء اور دودھ کے استعما ل کی وجہ سے دائو پر لگی ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن جیکب آباد کے ضلعی رہنما ڈاکٹر عادل کھوسو نے رابطے پر بتایا کہ کیمیکل ملے دودھ کے استعمال کی وجہ سے معدے کی خرابی کی شکایات بڑھ گئی ہیں۔ ڈی سی جیکب آباد کے دفتر میںکیمیکل ملے دودھ کی فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کے لیے درخواست جمع کرائی ہے۔ فوڈ اتھارٹی کیمیکل ملے دودھ کی فروخت کرانے والوں کیخلاف کارروائی کرکے انسانی صحت سے کھیلنے والوں کو سزا دے۔