پی ایچ ایف نے بھی سینٹرل کنٹریکٹ کرادیا ،20 کھلاڑی مستفید ہونگے

293

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا لائحہ عمل تیار، چیئرمین پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی اولمپین منظور جونیئر اور ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم اولمپین خواجہ جنید کھلاڑیوں کی کارکردگی کی جانچ کرینگے جو ماہانہ بنیادوں پر ہوگی، ٹاپ 20 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ آفر کرینگے، سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کو بالحاظ پرفارمنس اے ،بی اور سی کیٹیگری میں رکھا جائیگا، اے کیٹیگری کھلاڑی کو50 ہزار،بی کیٹیگری کو 40ہزار اور سی کیٹیگری کو 30 ہزار روپے ملیں گے، کھلاڑیوں کی ماہانہ فزیکل فٹنس اور ا سکلز لیول کو مانیٹر کیا جائیگا، چیئرمین سلیکشن کمیٹی اولمپیئن منظور جونیئر اور ہیڈ کوچ خواجہ جنید ہرماہ 3 روز کے اندر سفارشات پی ایچ ایف کو بھجوائیں گے، سینٹرل کنٹیکٹ کی حتمی منظوری صدر پی ایچ ایف برگیڈیئررخالد سجاد کھوکھر دینگے۔ پی ایچ ایف سینترل کنٹریکٹ کے لئے پی ایچ ایف پلیئرز پول کے ٹاپ 30 سینئر و جونیئر کھلاڑیوں کو بلایا جائیگا ، ابتدائی طور پر 20 کھلاڑیوں کو پی ایچ ایف سینٹرل کنٹریکٹ آفر کیا جائیگا،ہرماہ کھلاڑیوں کے ویڈیو سیشنز سمیت آئیندہ ٹریننگ پروگرام جاری کئے جائینگے ۔ چیئرمین قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپین منظور جونیئر کی ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم اولمپین خواجہ جنید کے ہمراہ پریس کانفرنس، قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین لیجنڈ اولمپین منظور جونیئر نے ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم اولمپین خواجہ جنید کے ہمراہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ہیڈ کوآرٹرز نیشنل ہاکی ا سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کی۔اولمپین منظور جونیئر نے کہا کہ صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر رخالد سجاد کھوکھر اور سیکٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ نے قومی کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے سینٹرل کنٹریکٹ کا عمل شروع کرنے کی ہدایات کردی ہیں۔ اس سلسلے میں قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ کو تمام تر اختیارات سونپے گئے ہیں۔