قومی ٹیم میں اچانک جگہ پانے والے صہیب مقصود ایک مرتبہ پھر گرین شرٹ پہننے پرمسرور

266

ڈربی(جسارت نیوز) پی ایس ایل پر کارکردگی کے بعد قومی ٹیم میں اچانک جگہ پانے والے صہیب مقصود ایک مرتبہ پھر گرین شرٹ پہننے پر مسرور ہیں۔ورچوئل پریس کانفرنس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے صہیب مقصود نے کہا کہ ٹیم میں ساڑھے5 سال بعد آمد کی خوشی ہے، کوشش ہوگی کہ اس موقع سے فائدہ اٹھاکر ٹیم میں جگہ پکی کروں، پی ایس ایل میں کارکردگی کے بعداعتماد میں اضافہ ہواہے اور ٹیم میں سلیکشن کے بعد اب جس نمبرپر بھی ضرورت ہوئی، کھیلنے کے لیے تیار ہوں، بلاخوف ہوکر ڈومیسٹک اور پی ایس ایل میں کھیلا، اسی ذہن کے ساتھ پاکستان کی طرف سے بھی کھیلنے کی کوشش کروں گا۔صہیب مقصود نے کہا کہ اپنے قدرتی اندازمیں کھیل کرناکام بھی ہوا تو کوئی دکھ نہیں ہوگا اور نہ کرکٹ کا سفر ختم ہوگا۔ انگلینڈ کی کنڈیشنز سے واقف ہوں، لیگ کرکٹ یہاں کھیل چکا ہوں، انٹرنیشنل کرکٹ میں جب بھی موقع ملا، بہترین کارکردگی دینے کے لیے تیار ہوں۔صہیب مقصود نے بیٹنگ میں نکھار کا کریڈٹ ملتان سلطانز کے بیٹنگ کوچ اینڈی فلاور کو بھی دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ ایک زبردست کوچ ہیں، انہوں نے میرے ساتھ ساتھ تمام کھلاڑیوں کے ساتھ تجربہ شیئر کیا، ان کی ہدایات اور مشوروں سے مجھے بھی کارکردگی میں بہتری لانے کاموقع ملا، کوشش ہوگی کہ پاکستان کی جانب سے کھیلتے ہوئے بھی اسی فارم کو برقرار رکھ کر سب کی توقعات پر پورا اتروں۔ ابوظہبی کے سخت گرم موسم کے بعد انگلینڈ کی کنڈیشنز میں ایڈجسٹ ہونے کی کوشش کررہے ہیں، وائٹ بال کرکٹ کی پچز بہترین ہوتی ہیں، جتنے بھی دن ملے ہیں، ان میں اچھی پریکٹس کرکے بہترین کارکردگی دینے کی کوشش کریں گے۔