میں بلاول اور اس کے پاپا کے بہت سے راز جانتا ہوں ،شاہ محمود

162

اسلام آباد(آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلاول اور اس کے پاپا آصف علی زرداری کو اچھی طرح جانتا ہوں،بلاول ابھی بچہ ہے ،ایک راز کھول دوں تو یہ بچہ پریشان ہو جائے گا ، میں اس کو پریشان نہیں کرنا چاہتا۔گزشتہ روز پارلیمنٹ کے اجلاس میں وقفہ کے دوران پارلیمنٹ گیلری میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بلاول کو میں اس وقت سے جانتا ہوں جب ننھامنابچہ ہوتاتھا اور کونے میں کھڑا جھڑکیاں کھا رہا ہوتا تھا، بلاول کو بھی جانتا ہوں ان کے پاپا کو بھی جانتا ہوں،بلاول ابھی بچہ ہے، کسی پراسس سے گزر کر نہیں آیا،بلاول لیڈر تو نامزد ہو گیا لیکن پارلیمانی روایات کو سمجھنے کے لیے وقت لگتا ہے ،سندھ کے معاملات میںیہ ایکسپوز ہو گئے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان عمل، علاقائی سلامتی اور ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپنے تحفظ کے لیے پاکستان کو جو اقدامات اٹھانا پڑے ہم ضرور اٹھائیں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف کی حکومت کی واضح پالیسی ہے کہ ہم کسی کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے۔