شمالی وزیرستان: دواتوئی ملٹری پوسٹ پر فائرنگ، دو اہلکار شہید

293

راولپنڈی: افغان علاقوں سے پاکستان کے خلاف دہشتگردی کا سلسلہ جاری ہے، شمالی وزیرستان میں پاکستانی چیک پوسٹ پر فائرنگ سے پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان علاقے سے شمالی وزیرستان میں دواتوئی ملٹری پوسٹ پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں حولدارسلیم اورلانس نائیک پرویزشہید ہوئے ہیں جبکہ پاک فوج کی طرف سے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی گئی، جس سے دہشتگرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا ہےکہ پاکستان بار بار افغانستان کو مؤثر بارڈر کنٹرول کیلئےکہہ رہاہے، پاکستان میں دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین کے استعمال پر پاکستان نے شدید احتجاج کیا ہے۔

یاد رہےکہ یہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کا پہلا واقعہ نہیں ہے اور اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔