پنجاب میں سینما ہالز کھولنے کا فیصلہ

216

لاہور: پنجاب میں سینما ہالز کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا اور یہ سینما ہالز رات ایک بجے تک کھلے رہیں گے اور صرف ویکسین لگوانے والے ہی جاسکیں گے جبکہ ہدایت کی گئی ہے کہ ہوٹلزاور ریسٹورنٹس انتظامیہ ویکسی نیشن چیک کرنےکا لائحہ عمل بنائیں ۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت نے یکم جولائی سے پنجاب میں سینما ہالز کھولنے کا فیصلہ کرلیا اور کہا سینما ہالز رات ایک بجے تک کھلے رہیں گے، صرف ویکسین لگوانے والے ہی جاسکیں گے۔

این سی او سی کی جانب سےکاروباری مراکز کےاوقات رات 10 بجےتک کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پیٹرول پمپ، میڈیکل اسٹور سمیت ضروریات کے اہم کاروبار 24 گھنٹے کھلنے کی اجازت ہوگی۔

محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ آؤٹ ڈور اور ڈائن اِن کی اجازت، ان ڈور پر 50 فیصد کی پابندی عائد کی گئی ہے، صرف ویکسین لگوانے والے ہی ان ڈور ڈائن ان کر سکیں گے اور ہدایت کی ہوٹلز اور ریسٹورنٹس انتظامیہ ویکسی نیشن چیک کرنےکا لائحہ عمل بنائیں۔

این سی او سی  کے مطابق  شادی کی آؤٹ ڈور تقریب میں 400 افراد کی گنجائش کی اجازت دے دی گئی ہے اور 200 افراد تک ویکسینیٹڈ افراد ان ڈور تقریب میں شریک ہو سکیں گے۔

واضح رہے ایس او پیز کے اطلاق کے ساتھ مزارات کو دوبارہ کھلنے کی اجازت دے دی ہے تاہم ثقافتی، مذہبی اور دیگر اجتماعات پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

این سی او سی کے مطابق  پبلک ٹرانسپورٹ 70 فیصد کی گنجائش کے ساتھ جاری رکھنے سمیت تفریحی مقامات، سوئمنگ پول کو 50 فیصد کی گنجائش کے ساتھ کھلنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔