حوصلے بلند ہیں ، انگلینڈ کے خلاف بھی بھر پور کار کردگی کا مظاہرہ کرونگا ، محمد رضوان

466

ڈربی (جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہ ہمیشہ انگلینڈ میں کھیلنا پسند رہا، سیریز جیتنے کے لئے یہاں کے حالات بہت معاون ہیں، گزشتہ سیریز میں کامیابی کے بعد ہمارے حوصلے بلند ہیں ، آنے والی سیریز میں میزبان ٹیم کے خلاف شاندار مقابلے کی امیدہے ، کپتانی کاخواہش مند نہیں ہوں، ہم ہر وہ کام کریں گے جس کا ٹیم کو فائدہ ہوسکتا ہو، بابر غیر معمولی کھلاڑی ہے، مڈل آرڈر میں بہتری کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہار محمد رضوان نے منگل کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ آخری مرتبہ 2020 میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا اور 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں2 نصف سنچری اسکور کی تھیں اور محدود اوورز کی سیریز میں بھی اسی کارکردگی کو دہرانے کا منتظر ہوں ۔دائیں ہاتھ کے بلے باز کا کہنا تھا کہ اگر ٹیم کو ضرورت ہو تو کپتان بابراعظم کسی بھی بیٹنگ پوزیشن پر کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ محمد رضوان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کی پوزیشن کے بارے میں جہاں تک میرا اور کپتان بابراعظم کا تعلق ہے، ہم ضرورت پڑنے پر پاکستان ٹیم کی بہتری کے لئے اوپننگ پوزیشن پر بھی کھیلنے کو تیار ہیں، ہم ہر وہ کام کریں گے جس کا ٹیم کو فائدہ ہوسکتا ہو۔محمد رضوان نے کہا کہ کپتانی کے بارے میں کبھی نہیں سوچا ، اس وقت میں اپنی بیٹنگ سے لطف اندوز ہورہا ہوں اور جب بھی اور جہاں بھی مجھے ٹیم کی مدد کرنے کا موقع ملے اپنی بھرپور کارکردگی سے100 فیصد کارکردگی کی کوشش کرتا ہوں، ہر شخص بابراعظم کی صلاحیتوں ، مہارتوں اور اس کے تجربے کے بارے میں جانتا ہے ، ہم نے لگاتار6 سیریز جیتی ہیں، بابراعظم عالمی کرکٹ کے بہترین کپتانوں میں سے ایک بننے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مڈل آرڈر میں مزید بہتری لارہے ہیں، قومی ٹیم میں اپنی سلطانز ٹیم کے ساتھی صہیب مقصود کی شمولیت کے بارے میں رضوان نے کہا کہ صہیب ایک اچھے کھلاڑی ہیں ۔انہوں نے اپنی بیٹنگ کی مہارت سے پہلے ہی یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ کہیں بھی کھیل سکتے ہیں ، ہمار ی ٹیم بہت بہتر ہے اور ہم واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان قومی ٹیم کے لئے ایک اور سیریز جیتنے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے پرجوش ہیں اور وہ اس وقت 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے انگلینڈ کے دورے پر ہیں۔محمد رضوان جنہوں نے آخری مرتبہ 2020 میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا اور 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 2 نصف سنچری اسکور کی تھیں وہ محدود اوورز کی سیریز میں بھی اسی کارکردگی کو دہرانے کے منتظر ہیں۔