سربراہ پاک فضائیہ کا دورہ ترکی‘ لیجن آف میرٹ ایوارڈ سے نوازا گیا

86
انقرہ: پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل یاسر گلر سے ملاقات کررہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سربراہ پاک فضائیہ ائر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے ترکی کے4 روزہ سرکاری دورے کے دوران ترکی کی سینئر فوجی قیادت سے ملاقات کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائر چیف نے ترکی کے وزیر قومی دفاع ہولوسی ایکار اور ترکی کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل یاسر گلر سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاک ترک دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور دونوں فضائی افواج کے مابین باہمی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے طرفین کی حربی استعداد بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں ائر چیف مارشل نے کمانڈر ترک ائرفورس جنرل حسن کوکا کیز سے بھی ملاقات کی۔ معزز سربراہان نے دونوں ممالک کی فضائیہ کو عصرحاضر کے در پیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے ایک دوسرے کی مہارت سے استفادہ کرنے اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں پی اے ایف اور ترک فضائیہ کے درمیان ہوابازوں کی تربیت اور تبادلے پر بھی گفتگو ہوئی۔سربراہ پاک فضائیہ کو دونوں فضائی افواج کے مابین باہمی تعاون اور تعلقات کے فروغ کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ترک آرمڈ فورسز کے لیجن آف میرٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ کمانڈر ترک فضائیہ جنرل حسن کوکاکیز نے تمغہ پیش کیا۔