امریکا کا پاکستان کو موڈرنا ویکسین کی خوراکیں دینے کا اعلان

231

واشنگٹن: امریکا نے پاکستان کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں دینے کا اعلان کردیا ہے جبکہ پاکستان کو موڈرنا کی 25 لاکھ خوراکیں (ڈوزز) کوویکس کی جانب سے  بھی حاصل ہورہی ہیں۔

بین الاقوامی میڈیاکے مطابق امریکا نے پاکستان کو راضی کرنے کے لیے اور کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے موڈرنا ویکسین کی خوراکیں دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ ویکسین کی پہلی کھیپ ایک تا دو ہفتے میں پاکستان پہنچے گی۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ پاکستان کو موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں بھیجی جارہی ہیں جبکہ امریکا نے پیرو اور ہنڈراس کو بھی کورونا ویکسین دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہےکہ پیرو کو 20 لاکھ اور ہنڈراس کو 15 لاکھ خوراکیں دی جائیں گی۔

واضح رہے اس سے قبل کوویکس کی جانب سے پاکستان کو موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ ڈوزز فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

خیال رہے  موڈرنا ویکسین کی پہلی کھیپ ایک تا دو ہفتے میں پاکستان پہنچے گی، موڈرنا پاکستان کو ملنے والی دوسری امریکی کرونا ویکسین ہوگی، اس سے قبل کوویکس پاکستان کو فائزر ویکسین فراہم کرچکا ہے۔

یاد رہے موڈرنا ویکسین دائمی امراض اور کمزور قوت مدافعت افراد کو لگائی جائے گی جبکہ بیرون ملک جانے کے خواہشمند افراد کو بھی لگائی جائے گی۔