بھارتی نقشے سے کشمیر حذف کرنے پر ٹویٹر کیخلاف شکایت درج

202

بھارت کی انتہا پسند دائیں بازو جماعت بجرنگ دَل نے کشمیر کو بھارتی نقشے سے باہر دکھانے پر بھارت میں ٹویٹر کیخلاف شکایت درج کروادی ہے۔

الجزیرہ کے مطابق پولیس میں شکایت درج کرنے پر امریکی سوشل میڈیا ویب سائٹ کیخلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ٹویٹر کے کیریئر پیج پر ایک نقشے میں بھارت کے زیر قبضہ کشمیر کو خطے سے باہر دکھایا گیا ہے جس میں لداخ کا ہمالیائی علاقہ بھی شامل ہے۔ متنازعہ خطے کے دعویدار بھارت اور پاکستان دونوں ہیں۔

اس سے قبل ٹویٹر اور نئی دہلی کے درمیان آئی ٹی سے متعلق نئے قانون کےحوالے سے بھی تنازعہ جاری ہے۔

ہندو گروہ کی جانب سے درج کی گئی شکایت میں ٹویٹر کے بھارتی سربراہ منیش مہیشوری کا نام درج ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے ابھی تک اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے تاہم نقشے کو ٹویٹر نے اپنی ویب سائٹ سے ہٹا دیا ہے۔