جوہر ٹائون ڈھماکا عالمی دہشتگردوں کے نیٹ ورک نے کیا ،وزیراعلیٰ پنجاب

178

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہجوہر ٹاؤن دھماکا عالمی دہشت گردوں کے نیٹ ورک نے کیا۔وہ گزشتہ روزوزیر اعلیٰ آفس میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔صوبائی وزیر قانون راجا بشارت، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، انسپکٹر جنرل پولیس ، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے بم دھماکے کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم قائم کی، تحقیقاتی ٹیم نے سائنسی انداز میں تفتیش کو تیزی سے آگے بڑھایا، کیس کو ٹریس کرنا اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں تک پہنچنا ایک ٹیسٹ کیس تھا ،سی ٹی ڈی نے کیس کی تحقیقات کا آغاز پیشہ ورانہ انداز میں کیا ، 16 گھنٹے کے اندر دھماکے کے ذمے داروں کا تعین کیا گیا، دھماکے میں ملوث تمام بین الاقوامی و مقامی کرداروں کی شناخت کی گئی، صرف 4 روزکے اندر ملک کے مختلف علاقوں میں ریڈ کرکے دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، دہشت گردی میں استعمال ہونے والی گاڑی کے خریدار، اس کی حوالگی، بارودی مواد نصب کرنے والے، ریکی اور دھماکا کرنے میں ملوث دہشت گردوں کو پیشہ ورانہ مہارت سے گرفتار کیا گیا، اس کیس کو ٹریس کرنا پنجاب حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے، میں پنجاب پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ایجنسیوں اور خصوصاً سی ٹی ڈی کو مبارکباد اور شاباش دیتا ہوں،دوران تحقیقات دہشت گردوں کے اس نیٹ ورک کو مالی معاونت فراہم کرنے والے بین الاقوامی کرداروں کے تانے بانے مقامی دہشت گردوں سے ملنے کے تمام شواہد حاصل کر لیے گئے ہیںاوران شواہد کے مطابق اس کارروائی میں دشمن ملک کی ایجنسی براہ راست ملوث ہے جس نے اس نیٹ ورک کو تمام مالی معاونت فراہم کی۔