پولینڈ: ہولوکاسٹ متاثرین کی جائیداد بحالی کیخلاف بل پاس، اسرائیل مشتعل

284

پولینڈ کی پارلیمنٹ نے ایک بل پاس کیا ہے جس کے تحت جنگِ عظیم دوئم میں ہولوکاسٹ متاثرین کے اپنی جائیدادوں کی بحالی کے دعوؤں پر حدود مقرر کی گئی ہیں اور اسے مستقل قانون بنانے کا مسودہ بھی منظور کرلیا گیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ ییر لاپڈ نے پولش حکومت کیخلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اور اسے “بدنامی” قرار دیا ہے۔

اسرائیل نے پولینڈ کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کیا اور پولینڈ کے اس اقدام پر “شدید احتجاج کیا۔ اس بل کے منظور ہونے پر ناقدین کا کہنا ہے کہ دوسری جنگ عظیم میں یہودیوں کیلئے اپنی جائیدادوں کی بحال کرنا مشکل ہوجائے گا۔

پولینڈ میں اسرائیلی سفارت خانے نے بیان دیا کہ اس فیصلے سے دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب پولینڈ کی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہم اپنے ملک میں جن معاملات سے نمٹ رہے ہیں، کچھ اسرائیلی سیاست دان اپنے داخلی سیاسی مقاصد اور مفادات کے لئے ان سنجیدہ معاملات کا استحصال کر رہے ہیں۔