نفرت کی انتہا، امارات نے قطر کیخلاف فلم بنا ڈالی

382

متحدہ عرب امارات نے ہالی وُڈ کے ساتھ مل کر قطر کے خلاف ایک فلم بنائی ہے جس میں قطر کو مسلم دہشت گردوں کی پناہ گاہ کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق یو اے ای کے ہدایت کار منصور الزہری نے اس فلم کی اسکرپٹ تیار کی ہے اور اُسے پروڈیوس بھی کیا ہے جبکہ ہالی وڈ نے اس کی فلم بندی کی ہے۔ فلم کا نام ‘مِس فِٹس’ ہے۔ فلم میں قطر کو اخوان المسلمون ، القاعدہ اور دہشت گرد تنظیموں کے عالمی سرپرست کی حیثیت سے دکھایا گیا ہے۔

فلم میں چوروں کے ایک گروہ کی کہانی بیان کی گئی ہے جس کا سرغنہ پیئرس بوسنن نامی اداکار ہے۔ اس سرغنہ کا تعلق جزیرستان سے جُڑتا ہے جو کہ قطری نیوز چینل ‘الجزیرہ’ کی طرف دراصل ایک اشارہ ہے۔ ذہن میں رہے کہ الجزیرہ کیخلاف سعودی عرب اور امارات دونوں متحد ہیں کہ اسے بند کیا جائے۔

ٹی آر ٹی ورلڈ نے اس فلم کی ایک لیک کاپی حاصل کرلی ہے جو جنوبی کوریا ، امریکہ اور اگلے مہینے متحدہ عرب امارات میں ریلیز ہوجائے گی۔

ایک ممتاز فلسطینی صحافی جمال ریان نے اس حوالے سے کہا کہ یہ فلم ایک غیر اخلاقی حرکت ہے اور اس سے امارات اسرائیلی پروپیگنڈا کو پھیلانے میں مدد کررہا ہے۔

پوری فلم میں عربی ناموں کو ناقابل فہم سمجھ کر ان کا مذاق بھی اڑایا گیا ہے۔ دریں اثناء اخوان المسلمون کے سربراہ کے بیٹے کو ایک عیش پسند عرب کے طور پر بیان کیا گیا۔