لندن میں تیزاب گردی کے 800 کیسز پر کچھ نہ ہوا، یہاں 3 کیسز پر فلم کو آسکر مل گیا، ڈی جی رینجرز

549

کراچی: ڈی جی رینجرز  سندھ جنرل افتخار حسن چوہدری کا کہنا ہے کہ کینیڈا میں مسلمان خاندان کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ کراچی میں ہوتا تو شورمچ جاتا، لندن میں تیزاب گردی کے800کیسز اور یہاں 3کیسز پر فلم بنانے والی شرمین عبید چنائے کو آسکر بھی مل گیا۔

ڈاؤیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں انسداد منشیات اور اسمگلنگ کے خلاف  کے عالمی دن پر تقریب سے ڈی جی رینجرز  سندھ نے  خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ سال نیویارک میں تقریبا دس ہزارسے زائد مسلح ڈکتیاں ہوئیں اس کے مقابلے میں کراچی میں صرف 2سو 80ہوئیں، ہم اتنے برے نہیں ہیں جتنا ہمیں ایک سازش کے تحت برا بنایا جاتاہے۔

جنرل افتخار حسن چوہدری کا  مزیدکہنا تھا کہ پاکستان اس وقت افیون سے پاک ممالک  کی فہرست میں شامل ہیں،رینجرز اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے، منشیات اچھے خاندانوں کے نوجوانوں کو بھی خراب کردیتی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ کراچی میں بہتر ماحول بنانے کی کوشش کررہے ہیں،رینجرز 24 گھنٹے سے زیادہ ملزمان کو اپنے پاس نہیں رکھ سکتی ، پراسکیوشن پولیس کے پاس ہے رینجرز کے پاس نہیں جس کی وجہ سے 24 گھنٹے کے بعد پولیس کے حوالے کرنا ہوتا ہے۔